Followers

Saturday, February 2, 2019

ریاست مدینہ کا مطلب لوگوں کو مفت حج کروانا نہیں، وفاقی وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کہتے ہیں
مدینہ کی ریاست کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو مفت میں حج کروائیں، خواہش تھی حج پر سبسڈی دی جائے۔
پشاور کی شہید بے نظیر بھٹو وویمن یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا مدینہ کی ریاست کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو مفت حج کروائیں، مدینہ کی ریاست کا مطلب لوگوں کو خوشیاں دینا اور فلاحی ریاست بننا ہے۔
جمعرات 31 جنوری کو وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج 2019ء کےلئے سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وزارت مذہبی امور نے 45 ہزار روپے فی حاجی سبسڈی دینے کی تجویز دی تھی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہماری وزارت کی خواہش تھی کہ حج پر سبسڈی دی جائے مگر وزیراعظم اور کابینہ نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا، کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ حج صاحب استطاعت لوگوں کا حق ہے اس لیے سبسڈی صحت، تعلیم اور دیگر فلاحی کاموں پر لگانا چاہیئے۔
نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ حج کی سبسڈی سے غریب اور امرا دونوں طبقے مسفید ہو رہے تھے، ہر سال حج تاریخ کا مہنگا ترین حج ہوتا ہے اور صاحب استطاعت لوگ ہی حج کرتے ہیں اس لیے جس کے پاس پیسے ہوں وہ حج کےلیے جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بھی قبائلی اضلاع میں کابینہ کے اجلاس کرے گی۔ وفاقی وزیر نے پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کرنے کی نوید بھی سنائی۔
جمعہ یکم فروری کو جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشتاق احمد نے حج اخراجات میں اضافے پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس بھی جمع کرایا ہے۔